پاکستان میں مزید بارشوں اور سیلاب کی پیش گوئی، سلسلہ کب تک رہے گا؟
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے اتوار (آج) سے متعدد علاقوں میں مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا یہ سپیل پنجاب کے بالائی علاقوں، بالائی خیبر پختونخوا، راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں 20 سے 21 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے آج سے 23 اگست کے دوران صوبے بھر میں فلیش، اربن اور ریورائن فلڈنگ (سیلاب) کے خدشات سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 17 سے 23 اگست تک پنجاب بھر میں شدید طوفانی بارشوں اور بالائی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنرز، ریسکیو اور تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے۔
پاکستان کے بیشتر علاقوں میں مون سون کی طوفانی بارشیں جاری ہیں، خصوصاً بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار یعنی راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں یہ بارشیں شدید تباہی کا سبب بنی ہیں، جن کے نتیجے میں اب تک 340 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ مون سون کی بارشیں ہیں جو عموماً جولائی اور اگست کے مہینے میں ہوتی ہیں اور کبھی کبھار یہ سلسلہ ستمبر کے مہینے میں بھی جاری رہتا ہے۔
پاکستان میں مون سون کا یہ سپیل کب تک جاری رہے گا؟
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر فارکاسٹنگ عرفان ورک نے بتایا کہ ’موجودہ سپیل 21 اگست تک جاری رہ سکتا ہے، اس کے بعد دو دن تک موسم صاف رہے گا، جبکہ اگست کے آخری ہفتے میں مون سون کی بارشوں کا ایک اور سپیل آنے کا امکان ہے۔‘
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر فارکاسٹنگ کا کہنا تھا کہ ’مون سون کی بارشیں عموماً جولائی، اگست اور پھر ستمبر کے وسط تک جاری رہتی ہیں، جبکہ بعض اوقات یہ ستمبر کے آخری ہفتے تک بھی جاری رہ سکتی ہیں۔‘
عرفان ورک کے مطابق رواں برس کی مون سون بارشیں بھی ممکنہ طور پر 15 ستمبر تک جاری رہیں گی، تاہم بعض اوقات یہ ستمبر کے پورے مہینے میں بھی جاری رہ سکتی ہیں، لیکن اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا ممکن نہیں۔ البتہ موجودہ اندازے کے مطابق اگست کا آخری ہفتہ اور پھر ستمبر کے وسط تک بارشوں کے امکانات موجود ہیں۔
سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں: این ڈی ایم اے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی ایک الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس لیے تمام متعلقہ اداروں، جن میں پی ڈی ایم ایز اور مقامی حکومتیں شامل ہیں، کو پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ملک کے بالائی علاقوں، شمالی علاقہ جات، پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان جانے سے فی الحال اجتناب کریں۔

