ایران سے واپس بھیجے افغان مہاجرین کی بس کو حادثہ، 78 ہلاک
افغانستان کی ہرات-اسلام قلعہ شاہراہ پر ایک خونریز ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 79 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہرات کے والی کے ترجمان مفتی محمد یوسف سعیدی نے باختر اطلاعاتی ایجنسی کو بتایا کہ گزشتہ شام ایک 580 ماڈل مسافر بس، جو اسلام قلعہ سے کابل کی طرف جارہی تھی، ذیلی سڑک پر ایک موٹر سائیکل اور ٹینکر سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 76 افراد موقع پر ہی مارے گئے جبکہ تین زخمی ہوئے۔
سعیدی نے مزید کہا کہ وزارتِ دفاع اور 207 الفاروق کور کی مدد سے تمام مرنے والوں کی لاشیں چھاؤنی کے سردخانے منتقل کیں اور تدفین اور کابل منتقلی کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب وزارتِ داخله کے ترجمان مفتی عبدالمتین قانع نے باختر ایجنسی کو بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مزید 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے، جس کے بعد اموات کی تعداد 79 تک پہنچ گئی ہے۔
یہ حالیہ برسوں میں افغانستان کا ایک بدترین ٹریفک حادثہ قرار دیا جا رہا ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت 78 افراد مارے گئے۔

