یروشلم میں بس سٹاپ پر فائرنگ، چھ اسرائیلی ہلاک
یروشلم میں دو حملہ آوروں نے ایک مصروف چوراہے پر بس سٹاپ پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پیر کو پیرامیڈکس نے بتایا کہ اس حملے میں 15 افراد زخمی ہوئے جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بس سٹاپ پر انتظار کرتے لوگوں پر گولیاں چلائیں جبکہ اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ حملہ آوروں نے ایک بس میں بھی داخل ہو کر وہاں فائرنگ کی۔
ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک شہری نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو گولی مار کر مزید حملہ روک دیا۔ تاہم پولیس نے فوری طور پر حملہ آوروں کی شناخت یا ان کی حالت کے بارے میں تبصرہ نہیں کیا۔
یہ فائرنگ شمالی یروشلم کے ایک بڑے چوراہے پر ہوئی جو مشرقی یروشلم میں واقع یہودی بستیوں کی طرف جانے والی سڑک پر واقع ہے۔
حملے کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صبح کے مصروف اوقات میں درجنوں افراد بس سٹاپ سے بھاگتے نظر آئے۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پیرامیڈکس کے مطابق وہاں افرا تفری کا عالم تھا، ہر طرف ٹوٹے ہوئے شیشے بکھرے ہوئے تھے اور زخمی افراد سڑک اور فٹ پاتھ پر بے ہوش پڑے تھے۔
فوری طور پر کسی فلسطینی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
غزہ کی جنگ کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے اور اسرائیل میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ فلسطینی عسکریت پسندوں نے اسرائیل اور مغربی کنارے میں اسرائیلیوں پر حملے کیے ہیں جبکہ فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے تشدد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

