سعودی عرب اور جوہری طاقت پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بدھ کو سعودی دارالحکومت ریاض میں انتہائی اہم نوعیت کا ’سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ‘ طے پا گیا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بدھ کو ریاض میں ہونے والی تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان ’سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کیے۔
اس موقعے پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سمیت سعودی کابینہ کے دیگر ارکان موجود تھے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر کابینہ ارکان بھی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔
دونوں ممالک کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق ’اس معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کی جائے گی۔‘
اس اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا مقصد مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔‘
’یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے، خطے، دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔‘
وزیراعظم آفس پاکستان کے مطابق ’مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری، اسلامی یکجہتی اور بھائی چارہ قائم ہے۔‘
‘دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کے تناظر میں سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ’سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔‘

