پاکستان

بیٹے کی باپ کے فون سے سوشل میڈیا پر خواتین سے متعلق نازیبا پوسٹ، مقدمہ سپریم کورٹ میں

دسمبر 29, 2025

بیٹے کی باپ کے فون سے سوشل میڈیا پر خواتین سے متعلق نازیبا پوسٹ، مقدمہ سپریم کورٹ میں

سپریم کورٹ میں سوشل میڈیا پر خواتین سے متعلق نازیبا پوسٹیں لگانے والے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ہے۔

مدعی مقدمہ کے وکیل رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم طیب ڈار ایف آئی آر میں نامزد ہے۔

وکیل کے مطابق ملزم کی جانب سے نازیبا مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے کے شواہد بھی موجود ہیں۔

ملزم کے وکیل نے بتایا کہ ملزم کے بیٹے نے فیس بک پر ساری پوسٹیں لگائیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بیٹے کچھ کریں تو باپ کے خلاف کیس نہیں بن سکتا تاہم اُنہوں نے تسلیم کیا کہ باپ کے نام کی سم بیٹا استعمال کرتا ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اتنا خطرناک ہے تو پھر بچوں کو موبائل نہیں دینا چاہیے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے پوچھا کہ کیا ملزم کو کسی نے نہیں بتایا کہ اس کے نمبر سے کیا ہوتا رہا؟

وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ خواتین کے حوالے سے لگائی جانے والی پوسٹیں عدالت میں پڑھ بھی نہیں سکتا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ایسا جرم ہوگا تو سختی سے دیکھنا ہوگا، ایسے کسی کی عزت نہیں اچھالنی چاہیے۔

مدعی کے وکیل نے بتایا کہ تفتیش کی رپورٹ کے مطابق باپ بیٹا دونوں یہی موبائل استعمال کرتے تھے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ دستاویزی شواہد سارے ملزم کے خلاف ہیں

مدعی مقدمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے حوالے سے مزید دستاویزات بھی لگانا چاہتے ہیں اس لیے ضمانت نہ دی جائے۔

عدالت نے دستاویزات جمع کروانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی۔

سماعت جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے