پاکستان

کراچی کے گُل پلازہ میں آگ سے چھ افراد ہلاک اور کئی لاپتہ، 1200 دکانیں جل گئیں

جنوری 18, 2026

کراچی کے گُل پلازہ میں آگ سے چھ افراد ہلاک اور کئی لاپتہ، 1200 دکانیں جل گئیں

سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو گل پلازہ میں آتشزدگی کے بارے میں کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے رپورٹس پیش کر کے بریفنگ دی ہے جس کے مطابق بلڈنگ میں چھ افراد کی موت ہوئی، کئی لاپتہ ہیں جبکہ 1200 سے زائد دکانیں خاکستر ہو گئی ہیں۔

اتوار کو کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ کے مطابق گل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ ہفتے کی رات 9:45 سے 10:15 بجے کے درمیان پیش آیا۔

آگ پر اتوار کی سہ پہر تک قابو نہیں پایا جا سکا جس کی وجہ سے لاپتہ افراد کے اہلخانہ میں غم و غصہ پایا گیا۔
ریسکیو سروس کے حکام کے مطابق آگ سے مخدوش ہونے والی عمارت کے اندر جانا مشکل ہے جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے ہمیشہ الرٹ اور تیار رہیں۔
’سندھ حکومت نے تاجر برادری کو نہ پہلے اکیلا چھوڑا ہے اور نہ اب چھوڑے گی۔‘

وزیراعلیٰ سندھ کو حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ فائر بریگیڈ کی کارروائی کے بعد آگ پر 60 سے 70 فیصد قابو پا لیا گیا۔ ’حادثے میں 6 افراد جان سے گئے جبکہ 22 زخمی ہوئے۔‘

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ تمام زخمیوں کو سول ہسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔
’آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں میں 22 فائر بریگیڈ گاڑیاں، 10 واٹر باؤزرز اور 4 اسنارکل گاڑیاں شامل رہیں۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے آپریشن میں 33 ایمبولینسز نے بھی حصہ لیا۔

بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازہ آتشزدگی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
’وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازہ سانحے میں بھاری مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔‘

وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ فائر فائٹرز نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں بچائیں۔

وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ریسکیو اور کولنگ کا عمل مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے۔
’انتظامیہ اور پولیس آگ کے مکمل خاتمے اور صورتحال کے معمول پر آنے تک کام کرتی رہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے