ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف نہیں کھیلے گی: حکومت پاکستان
پاکستان کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی تاہم انڈیا کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔
اتوار کو حکومت پاکستان نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ’حکومتِ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔‘
’تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو انڈیا کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی-
یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز سات فروری سے انڈیا اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہو گا۔
تنازعے کا آغاز کیسے ہوا؟
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل تنازع اس وقت سامنے آیا جب انڈیا نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو سکیورٹی وجوہات پر آئی پی ایل سے باہر کر دیا تھا، جس کے بعد بنگلہ دیش نے موقف اختیار کیا تھا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث اس کی ٹیم انڈیا جا کر ورلڈ کپ نہیں کھیلے گی۔
اس معاملے پر آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے، تاہم بنگلہ دیش اپنے موقف پر قائم رہا کہ سکیورٹی صورت حال کے پیشِ نظر اس کی ٹیم کے لیے انڈیا میں کھیلنا ممکن نہیں۔ ورلڈ کپ کے آغاز میں کم وقت باقی ہونے کے باعث آئی سی سی نے موقف اختیار کیا کہ بنگلہ دیش کے میچز کسی نیوٹرل وینیو (سری لنکا) میں منتقل کرنے کے انتظامات ممکن نہیں ہیں، جس کے بعد بنگلہ دیش کو ایونٹ سے باہر کر دیا گیا۔
بعد ازاں آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا اعلان کیا، جس پر کرکٹ حلقوں میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔
بنگلہ دیش کو ٹی20 ورلڈ کپ سے ڈراپ کرنے کے فیصلے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا تھا کہ ’کوئی ایک ملک تمام فیصلے مسلط نہیں کر سکتا۔‘

