انگلش کپتان ہیری بروک کی شاندار سینچری، پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک اور شکست
ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستانی ٹیم انگلش ٹیم کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔ 20 اوورز میں 164 رنز بنائے اور نو وکٹیں گریں۔ اس طرح انگلینڈ کو 165 رنز کا ہدف ملا۔
انگلش ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں نقصان اُٹھانا پڑا۔ شاہین آفریدی نے فل سالٹ کو پہلی ہی گیند پر واپس پویلین بھیج دیا تھا اوراگلے بیٹر جوز بٹلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، اُن کو بھی شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بیتھل کا کچھ ڈراپ ہوا مگر اگلے اوور میں شاہین آفریدی نے تیسری وکٹ لے لی۔
جیکب بیتھل 8 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 35 پر جب انگلش ٹیم کے تین آؤٹ تھے تو لگتا تھا کہ پاکستانی بولرز میچ کو جلدی ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔
مگر شاہین کے اچھے آغاز کے باوجود پاکستانی سپنر کا درست اور بروقت استعمال کرنے میں کپتان سلمان آغا ناکام رہے۔ وہ جارحانہ کرکٹ کھیلنے کے بجائے دفاعی ذہن کے ساتھ میچ کو آخری اوور تک لے جانے کی کوشش میں نظر آئے۔
ہیری بروک نے مردہ وکٹ کا بھرپور فائدہ اُٹھایا اور 50 گیندوں پر 100 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
شاہین نے اپنی آخری اوور میں بروک کو کلین بولڈ کیا مگر اُس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ عرصے بعد اچھا پُرفارم کر کے آفریدی نے ناقدین کے منہ بند کرنے کی کوشش کی مگر پاکستان بہرحال میچ جیتنے میں ناکام رہا۔

