کھیل

سری لنکا کو شکست، پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر

مارچ 1, 2026

سری لنکا کو شکست، پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر

ٹی20 ورلڈ کپ کے فیصلہ کُن میچ میں پاکستان سری لنکا کو پانچ رنز سے شکست دینے کے باوجود سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔

سنیچر کو پالیکیلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 213 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ضروری تھا کہ پاکستان سری لنکا کو 147 رنز تک محدود رکھے۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا کر پاکستانی ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

پاکستانی بولرز نے انتہائی ناقص پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور سری لنکن بیٹرز کو رنز بنانے سے روکنے میں ناکام رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں 48 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ نسیم شاہ نے بھی چار اوورز میں 36 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ابرار احمد سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے چار اوورز میں صرف 23 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان طارق نے چار اوورز میں 43 رنز دیے تاہم کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ محمد نواز نے دو اوورز میں 21 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی۔
شاداب خان ایک بار پھر اچھی بولنگ کرانے میں ناکام رہے، انہوں نے محض دو اوورز میں 33 رنز دے دیے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کر سکے۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے تھے۔

پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن ان کی وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان کی 100 اور فخر زمان کی 84 رنز کی جارحانہ اننگز نے سری لنکا کے یے بڑا ہدف مقرر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے دو ریکارڈ بھی بنائے۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس نے جیت کر پاکستان کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

سری لنکا کے خلاف اس میچ میں بابراعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کیا گیا تھا۔ ان کی جگہ نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد شامل تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے