پاکستان

’شوہر کا معلوم ہوا تو پَر جلیں‌ گے‘، ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر اربوں روپے منی لانڈرنگ کا مقدمہ

مارچ 27, 2026

’شوہر کا معلوم ہوا تو پَر جلیں‌ گے‘، ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر اربوں روپے منی لانڈرنگ کا مقدمہ

پاکستان میں سوشل میڈیا پر مقبول شخصیت ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف منی لانڈرنگ اور 2.5 ارب روپے کے لین دین کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست اسلام آباد میں ہائی کورٹ نے مسترد کر دی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کے سپیشل جج سینٹرل کی عدالت سے ملزمہ کی ضمانت قبلِ از گرفتاری میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کیے جانے کے بعد ایف آئی اے نے ان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس خادم حسین کی عدالت میں فضیلہ عباسی کی جانب سے دائر کی گئیں تین درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا گیا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو قانون کے مطابق شفاف تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا اور کہا کہ فضیلہ عباسی کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت تحقیقات جاری رہیں گی۔

تاہم عدالت نے منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمے میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت الزامات اور انکوائری کو غیرقانونی قرار دے دیا۔

ادھر کالم نگار و یوٹیوبر بلال غوری نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’ایان علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد ہوئے تو اس کا تعلق آصف زرداری سے جوڑا گیا، اب حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ سامنے آیا ہے تو طفلان انقلاب خاموش ہیں اور یہ نہیں بتا رہے کہ اس واردات کا کھرا کس کی طرف جا رہا ہے کیونکہ حمزہ علی عباسی کا تعلق قافلہ انقلاب سے ہے، وہ نہ صرف عمران خان کے ہراول دستے میں شامل رہے بلکہ تحریک انصاف کراچی کے کلچرل سیکریٹری بھی بنائے گئے-‘

صحافی نسیم صدیقی نے اس پر لکھا کہ ’غوری صاحب! ڈاکٹر فضیلہ شادی شدہ ہیں، ذرا تحقیق کر کے بتائیں ان کے شوہر کون ہیں۔ شادی کے بعد ذمہ داری شوہر پر ہوتی ہے بھائی پر نہیں۔ ذرا تحقیق کریں پھر اگر آپ کے پَر نہ جلے تو مزید بات ہو گی۔ شکریہ‘

صحافی ماجد نظامی نے اس حوالے لکھا کہ ’حالیہ منی لانڈرنگ کیس کی ملزمہ سکِن سپیشلسٹ ڈاکٹر فضیلہ عباسی اور عمران خان کے قریب سمجھے جانے والے اداکار حمزہ علی عباسی کی والدہ بیگم نسیم اختر چوہدری کا آبائی تعلق ملتان سے ہے۔ وہ پیپلز پارٹی کی جانب سے دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ ناظمہ یونین کونسل رہ چکی ہیں۔ بیگم نسیم چوہدری نے کئی سال بطور وکیل ملتان اور لاہور بار میں کام کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو دور میں طویل عرصہ ویمن ونگ پیپلز پارٹی ملتان کی صدر بھی رہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے