اربوں روپے منی لانڈرنگ کا مقدمہ، اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی ضمانت منظور
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن اور معروف سکن سپیشلسٹ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی گرفتاری سے روک دیا ہے-
منگل کو عدالت نے ڈھائی ارب روپے کے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی-
جسٹس محمد اعظم خان کی عدالت میں گرفتاری سے بچنے کے لیے منی لانڈرنگ کیس میں ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے ضمانت قبل از گرفتاری درخواست وکیل نعیم بخاری کے توسط سے دائر کی- قبل ازیں اسلام آباد کی مقامی عدالت سے فضیلہ عباسی کی ضمانت عدم حاضری پر خارج کر دی تھی-
ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف منی لانڈرنگ اور 2.5 ارب روپے کے لین دین کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست اسلام آباد میں ہائی کورٹ نے مسترد کر چکی ہے جبکہ اسلام آباد کے سپیشل جج سینٹرل کی عدالت نے ملزمہ کی ضمانت قبلِ از گرفتاری میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کی تھی جس کے بعد ایف آئی اے نے ان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں-
گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس خادم حسین کی عدالت میں فضیلہ عباسی کی جانب سے دائر کی گئیں تین درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا گیا تھا۔
عدالت نے ایف آئی اے کو قانون کے مطابق شفاف تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا اور کہا تھا کہ فضیلہ عباسی کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت تحقیقات جاری رہیں گی۔
تاہم عدالت نے منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمے میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت الزامات اور انکوائری کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔

