سپیڈو بس پر سوار ہونے والی ذہنی معذور لڑکی پر تشدد کرنے والا کنڈیکٹر گرفتار
لاہور کے بھوبتیاں چوک میں سپیڈو بس پر سوار ہونے والی ذہنی معذور لڑکی پر تشدد کرنے والے کنڈیکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے-
ملزم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ بس پر سوار ہونے کی کوشش کرنے والی تیرہ، چودہ برس کی ذہنی معذور لڑکی کو تھپڑ مار رہا ہے-
تھانہ چوہنگ میں پولیس سب انسپکٹر مقبول مقصود کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ملزم کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو دیکھنے کے بعد اس کو تلاش کیا گیا-
تشدد کا یہ واقعہ رائے ونڈ سے لاہور چلنے والی سرکاری سپیڈو بس میں پیش آیا تھا جس کا بعد ازاں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بھی نوٹس لیا-
صوبائی وزیر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملزم بس کنڈیکٹر کو ملازمت سے بھی برطرف کر دیا گیا اور قانونی کارروائی بھی شروع کی گئی ہے-
پولیس کے مطابق ملزم کا نام سجاد علی ہے اور وہ ضلع شیخوپورہ کا رہائشی ہے جبکہ اس کی گرفتاری سپیڈو بس کے جناح ٹرمینل سے عمل میں لائی گئی-
لڑکی پر تشدد پر ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی اور صوبائی حکومت پر صارفین نے سخت تقید کی کہ وہ سرکاری ٹرانسپورٹ میں بھرتی کرائے گئے ملازمین کی تربیت کرنے میں ناکام رہی ہے-
صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بعد ازاں ذہنی طور پر صحت مند نہ رہنے والی لڑکی کو سپیڈو بس میں سواری کرانے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی-

