شہر میں پیٹرول کی قلت کی خبریں، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا نوٹس لینے کا بیان
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی قلت کی خبروں پر سرکاری ردِعمل سامنے آیا ہے-
جمعرات کی صبح اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ شہر بھر میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کے ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیوی ٹریفک کی بندش کی وجہ سے چند پیٹرول پمپس کو وقتی پریشانی کا سامنا رپورٹ ہوا تاہم پیٹرول ٹینکرز کے ذریعے ایسے تمام پمپس پر فیول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں پمپس پر سٹاک کی دستیابی پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بھی شہر بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی اور دستیابی کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کے پیشِ نظر شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کے دونوں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈوں کی بندش اور کھولنے کے حوالے سے بیانات ابھی چند دن قبل تک خبروں میں رہے جس پر شہری ردعمل میں زمینی حقائق کے خلاف قرار دے رہے تھے-

