پاکستان

طنز و مزاح پر بھی مقدمہ، ترنول پھاٹک کو آبنائے ہُرمز کہنے پر اسلام آباد میں شہری گرفتار

اپریل 24, 2026

طنز و مزاح پر بھی مقدمہ، ترنول پھاٹک کو آبنائے ہُرمز کہنے پر اسلام آباد میں شہری گرفتار

‎امریکہ ایران مذاکرات کے دوران پاکستان میں سوشل میڈیا میمز اور طنز و مزاح پر بھی شہریوں کے خلاف مقدمات درج کیے جانے لگے۔

اسلام آباد کے تھانہ ترنول میں پولیس نے ایک ابتدائی اطلاع رپورٹ (FIR) نمبر 309/26 درج کی ہے۔
ایف آئی آر میں تاریخ و وقت وقوعہ 21 اپریل سہ پہر 02:45 لکھا گیا ہے جبکہ تاریخ و وقت رپورٹ 21 اپریل سہ پہر 03:35 لکھا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مدعی سب انسپکٹر شاہ اصغر، تھانہ ترنول ہیں جنہوں نے مختصر کیفیت جرم میں زیر دفعہ: 188، 341، 511 تعزیرات پاکستان لکھوایا ہے۔

حالیہ دنوں کی اس دلچسپ ترین ایف آئی آر میں جائے وقوعہ اور تھانہ سے فاصلہ آدھا کلومیٹر دور ترنول پھاٹک درج ہے۔

مدعی سب انسپکٹر کے مطابق وہ دیگر اہلکاروں محمد فاروق ASI، ظفر عباس 1346HC، علی اصغر 8206C، ڈرائیور، سرکاری گاڑی نمبر GV295، بلسلہ اسپیشل چیکنگ پڑتال عمل میں لا رہے تھے۔ تقریباً 2:45 بجے دن سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کر رہی ہے کہ ترنول پھاٹک بھی آبنائے ہُرمز سے کم نہیں اسے اگر بند کیا جائے تو ہمارے سارے مسئلے حل ہو جائیں گے۔ تو میں SI معہ ہمراہیان یہ خبر پڑھ کر فوراً ترنول چوک پہنچا۔

مدعی مقدمہ کے مطابق متعلقہ لوگوں سے اس خبر کی تصدیق کرائی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ پوسٹ مسمی خرم نذیر ولد راجہ محمد نذیر، ساکن پراچہ ٹاؤن، ساکن ڈھوک پراچہ، اسلام آباد نے لگائی ہے۔

پولیس اہلکار کے مطابق چونکہ موجودہ سکیورٹی حالات کے پیشِ نظر ایسی تمام تشہیر کرنے اور ایڈ لگانے پر حکومتِ پاکستان مجاز اتھارٹی نے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کا نفاذ ہے، مذکورہ خرم نذیر نے بحوالہ آرڈر نمبر 1(1) 2026، جناب ADCG صاحب اسلام آباد کی خلاف ورزی کرکے سردست ارتکابِ جرم 188، 511، 341 PPC کا ارتکاب کیا ہے۔

مزید یہ کہ مخبرِ خاص کی اطلاع پر ترنول چوک سے مذکورہ خرم نذیر ولد راجہ محمد نذیر کو قابو کیا اور مذکورہ کے موبائل فون چیک کرنے پر بھی مذکورہ خبر کی درست تصدیق ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ شخص نے اتھارٹی کے حکم کی خلاف ورزی کی اور لوگوں کو ترنول پھاٹک بند کرنے پر آمادہ کیا۔ مذکورہ کے خلاف استغاثہ ارسالِ تھانہ ہے۔ مقدمہ درج رجسٹر کر کے کسی دوسرے افسر کو تفتیش پر مامور کریں۔

سب انسپکٹر شاہ اصغر نے ترنول پھاٹک سے بوقت 3:25 بجے دن یہ رپورٹ تھانہ ترنول کو بھیجی۔

ایف آئی آر میں آگے لکھا گیا ہے کہ حسبِ آمد استغاثہ مقدمہ بالا درج رجسٹر ہوا۔ جناب SHO صاحب علاقہ تھانہ میں ہیں۔ جس کو اطلاع بابت اندراج مقدمہ ہذا دی جا رہی ہے۔ محرر کو ہدایت ہوئی کہ بعد تکمیل ریکارڈ، نقول FIR بجانب مجاز افسران ارسال کرے۔ میں SI اصل استغاثہ معہ نقلِ FIR، معہ ہمراہیانِ ارادہ کا، تفتیش مصروف تفتیش ہو کر روانہ موقع ہوتا ہوں۔

عراق، ایران، کویت اور متحدہ عرب امارات و سعودی عرب کے تیل نکلنے والے علاقے کو خیلج عرب سے جوڑنے والے اس علاقے کو ایران سے حالیہ جنگ میں بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ایندھن کا بحران ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے