جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے، چار افراد ہلاک
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق سنیچر کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ضلع نبطیہ میں دو اسرائیلی حملے کیے گئے، ایک ٹرک پر اور دوسرا موٹر سائیکل پر، جن کے نتیجے میں چار افراد جان سے گئے۔
اسرائیلی فوج نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ اس نے ’کچھ دیر پہلے‘ چار افراد کو ہلاک کیا ہے، جنھیں اس نے حزب اللہ کے ارکان قرار دیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ان حزب اللہ ارکان کو نشانہ بنایا گیا جو ’اسلحے سے لدی ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے،‘ جبکہ چوتھا شخص ’جنوبی لبنان میں فارورڈ ڈیفنس لائن کے جنوب میں موٹر سائیکل پر سوار تھا۔‘
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’جن دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا وہ جنوبی لبنان میں کارروائیاں کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کے لیے خطرہ تھے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا: ’اسرائیلی فوج اپنے شہریوں اور فوجیوں کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔‘

