اہم خبریں

آبنائے ہرمز میں امریکی منصوبہ ’پراجیکٹ ڈیڈلاک‘ ہے: ایران

مئی 5, 2026

آبنائے ہرمز میں امریکی منصوبہ ’پراجیکٹ ڈیڈلاک‘ ہے: ایران

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکہ کا ’پروجیکٹ فریڈم‘ دراصل ’پروجیکٹ ڈیڈلاک‘ کے مترادف ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ایرنی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے واقعات نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ سیاسی بحران کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔‘

انھوں نے منگل کی صبح ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’پاکستان کی سنجیدہ سفارتی کوششوں کے باعث مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، تاہم امریکہ کو چاہیے کہ وہ بدخواہوں کی جانب سے کسی نئے دلدل نما تنازع میں گھسیٹے جانے سے ہوشیار رہے۔‘

عباس عراقچی نے اپنے اسی بیان میں متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یو اے ای کو بھی اسی طرح محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔‘

بیان کے آخر پر ایرانی وزیرِ خارجہ نے لکھا کہ ’نام نہاد ’پروجیکٹ فریڈم‘ درحقیقت ’پروجیکٹ ڈیڈلاک‘ ثابت ہو رہا ہے۔‘

دوسری جانب سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے خطے میں جاری موجودہ عسکری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور فریقین سے کشیدگی کم کرنے، مزید تصادم سے گریز اور تحمل اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

سعودی وزرات نے ایکس پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستانی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ ایک ایسا سیاسی حل تلاش کیا جا سکے جو خطے کو مزید کشیدگی، عدم استحکام اور سلامتی کو لاحق خطرات سے بچا سکے، کیونکہ یہ صورتحال خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزارتِ خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری جہاز رانی کی آزادی بحال ہونا انتہائی اہم ہے، اور صورتِ حال کو اپنی قدرتی حالت میں واپس لایا جانا چاہیے جیسا کہ یہ 28 فروری سے قبل تھی، تاکہ جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنائی جا سکے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے