’اوور ایکٹنگ کے 50 روپے کاٹو‘، بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ
بنگلہ دیش نے سلہٹ میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر لیا ہے-
میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر لٹن داس اور پاکستان کے بیٹسمین محمد رضوان کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے لیے آن-فیلڈ امپائروں اللہ الدین پالیکار اور رچرڈ کیٹل بورو کو مداخلت کرنا پڑی۔
یہ واقعہ پاکستان کی دوسری اننگز کے 72 ویں اوور میں شروع ہوا، جب رضوان پویلین اینڈ پر سائیٹ سکرین کے قریب کسی کی جانب اشارہ کر رہے تھے۔ لٹن نے پوچھا کہ وہ اتنا وقت کیوں لے رہے ہیں، جس کے بعد دونوں میں تلخی شروع ہوئی۔
پاکستانی بلے باز امپائر کیٹل بورو کے پاس گئے، جنہوں نے دونوں رضوان اور لٹن سے بات کر کے صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کی۔ لیکن اس کا الٹ اثر ہوا کیونکہ بنگلہ دیش کے فیلڈرز بھی اس میں شامل ہو گئے۔
کم از کم تین بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے اس دوران جملے کسے، وہ اردو اور ہندی کے الفاظ میں پاکستانی بلے باز محمد رضوان پر ‘اداکاری’ کرنے کا کہہ کر مذاق اُڑاتے رہے- دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ سیریز کے دوران اس طرح کی متعدد جھڑپیں ہوئیں مگر یہ واقعہ ان میں سب سے زیادہ زیربحث آیا ہے-
ایک بنگالی فیلڈر نے دوسرے سے کہا کہ اس کے اووایکٹنگ کے 50 روپے کاٹو- اس بات پر طنز تھا کہ محمد رضوان غیرضروری انداز اختیار کر رہے ہیں-
لٹن داس بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر ہیں اور انہوں نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سینچری جبکہ دوسری اننگز میں نصف سینچری سکور کی-
پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے میچ کی دوسری اننگز میں 94 رنز بنائے- وہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے-

