وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزم کی شناخت، ’ناصر بیسٹ‘ کون ہیں؟
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کرنے والے مبینہ حملہ آور کی شناخت ناصر بیسٹ کے نام سے کی گئی جو میری لینڈ کے علاقے ڈنڈالک کے رہائشی تھے۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق ناصر بیسٹ نے جون 2025 میں بھی وائٹ ہاؤس کے ایک داخلی راستے کو بند کر دیا تھا اور اہلکاروں کو بتایا تھا کہ وہ یسوع مسیح ہیں اور گرفتاری چاہتے ہیں۔ بعد ازاں ناصر بیسٹ کو دماغی معائنے کے لیے ہسپتال بھیجا گیا تھا اور انھوں نے جولائی 2025 میں دوبارہ وائٹ ہاؤس کے علاقے تک رسائی کی کوشش کی تھی۔
اس کے بعد ناصر بیسٹ کو سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے گرفتار کیا اور واشنگٹن میں وفاقی کنٹرول والی جگہ پر غیر قانونی داخلے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ایک جج نے انھیں وہاں سے دور رہنے کا حکم دیا تھا۔
واشنگٹن ڈی سی کی سپیریئر کورٹ کے ریکارڈ کے مطابق غیرقانونی داخلے کے الزام میں ابتدائی پیشی کے بعد بیسٹ کو رہا کر دیا گیا تھا، تاہم وہ سات اگست 2025 کی سماعت میں پیش نہ ہوئے، جس کے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
قانون نافذ کرنے والے ذرائع نے بتایا کہ سنیچر کے روز ناصر بیسٹ وائٹ ہاؤس کے باہر دوبارہ نمودار ہوئے، جہاں انھوں نے ایک بیگ سے ریوالور نکالا اور امریکی سیکرٹ سروس کی ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ شروع کر دی۔
قانون نافذ کرنے والے ذرائع کے مطابق جوابی فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا۔

