اہم خبریں

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی پر مقدمہ درج، ایف آئی آر کے مدعی کون ہیں؟

جون 2, 2026

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی پر مقدمہ درج، ایف آئی آر کے مدعی کون ہیں؟

پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان نمائندگان یعنی قومی اسمبلی میں‌ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی پر ایک شہری نے مقدمہ درج کرایا ہے-

بلوچستان کے ضلع چمن کے تھانہ سٹی چمن میں‌ درج کیے گئے مقدمے کا متن کچھ یوں‌ ہے:
’ایک قطعہ تحریری درخواست منجانب مدعی مندرجہ خانہ 2 بغرض قانونی مقدمہ بدریں مضمون موصول ہوا بخدمت جناب ایس ایچ او صاحب تھانہ سٹی چمن
عنوان: درخواست امدادی مقدمہ جناب عالی! گزارش ہے کہ سائل عبدالولی خان ولد عبدالغفار خان قوم غبیزی سکنہ گلستان کاریز تحصیل گلستان کا رہائشی ہوں کہ میں امروز وقت تقریباً 11:20 بجے چمن بائی سکول فٹبال گراؤنڈ پر موجود تھا-‘

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’پشتونخوا عوامی ملی پارٹی کا لیڈر گورنمنٹ ہائی سکول فٹبال گراؤنڈ میں تھا جہاں شرکاء کی تعداد 700/650 کے لگ بھگ تھی۔ جلسہ گاہ سے محمود خان اچکزئی ولد عبدالصمد خان قوم حمید زئی سکنہ تحصیل گلستان ضلع قلعہ عبداللہ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز بلوچستان میں گاڑیوں کو نذرآتش کیا جا رہا ہے۔ اور صوبائی حکومت کی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔‘

مدعی کے مطابق محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ’ہمارے اوپر فارم 47 کے جعلی حکمران مسلط ہیں۔ پاکستان آرمی کے مقابلے میں مختلف قبائل سے بندے لے کر ایک متبادل آرمی بنانے کی تجویز پیش کی۔ اور تمام چمن شہر کے پاکستانی عوام کو ’افغانی تذکرے‘ بنانے کی ترغیب دی جس سے پاکستانی اداروں اور پاکستانی عوام کے درمیان شدید نفرت، اشتعال انگیزی پھیلانے کی کوشش کی۔ اور مین شارع عام پر رسی باندھ کر روڈ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر کے اور عام عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کی کوشش کر کے اور موجودہ حکومت اور ریاستی اداروں پر سخت تنقید کر کے لاؤڈ سپیکر کا آزادانہ استعمال کیا-‘

ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست دینے والے نے مزید لکھا کہ ملزم محمود خان اچکزئی وغیرہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مدعی مقدمہ نے اپنا نام عبدالولی خان ولد عبدالغفار خان قوم غبیزی سکنہ گلستان کاریز تحصیل گلستان بتایا ہے-

پولیس نے ایف آئی آر میں‌ درج ذیل دفعات شامل کی ہیں-
* 153A ت پ
* 505 ت پ
* 341 ت پ
* 147 ت پ
* 149 ت پ
* 131 ت پ
* Balochistan sound systems (regulation) act, 2016-3
* Balochistan sound systems (regulation) act, 2016-4

ایف آئی آر کے اختتام پر پولیس نے لکھا ہے کہ رپورٹ بالا رپورٹ دہندہ نے حاضری تھانہ آکر ایک قطعہ تحریری درخواست دی جو کہ حرف بہ حرف ضبط تحریر میں لائی گئی مروجہ صورت حال بالا سے جرم زیر دفعات 153A-505-131-341-147-149 ت پ و 3/4 ایمپلی فائر ایکٹ کا سرزد پایا جاتا ہے۔

ایف آئی آر کے مدعی کون؟

چمن میں‌ موجود مقامی ذرائع کے مطابق مقدمہ درج کرانے والے عبدالولی اور محمود خان اچکزئی کی قبائلی مخاصمت بھی ہے- محمود خان کا تعلق اچکزئی قبیلے کی حمید زئی شاخ سے ہے اور ان کی 90 کی دہائی سے اچکزئی قبیلے کی غبیزئی شاخ سے دشمنی ہے-

مدعی مقدمہ عبدالولی غبیزئی ہلال احمر بلوچستان کے چیئرمین ہیں۔ وہ جے یو آئی کے سینیٹر شکور غبیزئی اور مقامی ڈیلر فیض اللہ غبیزئی کے بھتیجے ہیں-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے