کویت اور بحرین پر ایران کے حملے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ
رواں ہفتے کویت اور بحرین پر ایران کے حملوں کے بعد تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے اور مشرق وسطیٰ کے خطے میں کشیدگی کے برقرار رہنے کے خدشات نے عالمی مارکیٹ میں غیریقینی کو بڑھا دیا ہے-
جمعرات کی صبح ایشیائی منڈیوں میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی قیمت تقریباً 97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تاہم امریکی صدر ٹرمپ کے جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے بیانات نے مزید اضافے کو روک دیا ہے۔
بدھ کو ایران کے کویت اور بحرین پر حملوں اور امریکہ کی جانب سے ایران جانے والے ایک آئل ٹینکر اور جزیرہ قشم کے جنوبی علاقوں پر حملوں نے تیل کی منڈیوں میں دوبارہ بے چینی پیدا کی ہے۔
خطے کی صورتحال پر نظر رکھنے والے مبصرین اور تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کی خبر اختتام ہفتہ تک برینٹ خام تیل کی قیمت کو 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر جانے سے روک سکتی ہے۔
اسرائیل اور امریکہ کے ایران پر تین ماہ قبل شروع کیے جانے والے حملوں اور تہران کی پڑوسی ملکوں کے خلاف جوابی کارروائی نے دنیا بھر میں توانائی کے نقل و حمل کے ذرائع کو مسدود کر دیا ہے-
گزشتہ تین ماہ کے دوران دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور مارکیٹ تاحال غیریقینی کی فضا میں کام کر رہی ہے-