پاکستان

’مہاجرین مقیم پاکستان‘ کی 12 نشستوں پر مظفرآباد سپریم کورٹ کی رائے آ گئی

جون 7, 2026

’مہاجرین مقیم پاکستان‘ کی 12 نشستوں پر مظفرآباد سپریم کورٹ کی رائے آ گئی

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں سپریم کورٹ نے ’مہاجرین مقیم پاکستان‘ کی 12 نشستوں پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں کوئی اور اقدام کرنے کے لیے آئین کے سیکشن 33 میں ترمیم ناگزیر ہے۔

صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے دیتے ہوئے چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کہا کہ ان 12 نشستوں کے خاتمے کے لیے ترمیم کا فیصلہ آئندہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی منتخب قانون ساز اسمبلی ہی کر سکتی ہے۔

یہ معاملہ کشمیر اسمبلی میں مہاجرین کے لیے مخصوص 12 نشستوں کے رکھنے یا ختم کرنے پر اختلاف کا ہے۔ حکومت انھیں برقرار رکھنا چاہتی ہے، جبکہ دوسری جانب عوامی ایکشن کمیٹی ان نشستوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس پر رائے کے لیے کشمیر حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ انتخابات کا انعقاد حکومتِ وقت کی ذمہ داری ہے اور سیاسی اختلافات انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔

اپنی رائے میں عدالت نے کہا کہ آئین میں ترمیم کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ منتخب ایوان میں ہونا چاہیے، اور کسی فرد کا اپنے حق کے لیے احتجاج دوسروں کے حقوق سلب کرنے کا باعث نہیں بننا چاہیے۔ عدالت نے مزید کہا کہ آئین میں تبدیلی کا راستہ ووٹ اور اس کے نتیجے میں وجود میں آنے والا منتخب ایوان ہے، سڑکوں پر مظاہروں کے ذریعے آئینی ترامیم نہیں کی جا سکتیں۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ احتجاج ایک جمہوری حق ہے، تاہم اس حق کے استعمال کے لیے سڑکوں کی بندش، جس سے عام شہری کی زندگی متاثر ہو یا ان کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہو، اس کی اجازت نہ قانون دیتا ہے اور نہ آئین۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر الیکشن کمیشن نے شیڈول کا اعلان کیا ہے اور انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے