امریکی فضائیہ کا بی 52 بمبار طیارہ گر کر تباہ، 8 اہلکار ہلاک
امریکی فضائیہ کا بی 52 بمبار طیارہ جنوبی کیلیفورنیا کے ایڈورڈز ایئر فورس بیس سے اُڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 20 منٹ (پاکستانی وقت سوموار کی رات 12 بج کر 20 منٹ) پر پیش آیا جب طیارہ معمول کی ایک آزمائشی پرواز پر تھا۔ حادثے کے بعد سیاہ دھوئیں کا ایک بڑا بادل فضا میں بلند ہوا جو میلوں دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔
کرنل جیمز ہیز نے صحافیوں کو بتایا کہ ’آج ایڈورڈز ایئر فورس بیس پر ایک خوفناک سانحہ پیش آیا اور ہم نے آٹھ عظیم امریکیوں کو کھو دیا، جن میں فوجی اہلکار، سویلین سرکاری ملازمین اور سرکاری ٹھیکیدار شامل تھے۔‘
جیمز ہیز نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے اہلِخانہ کو مطلع کیا جا رہا ہے اور 24 گھنٹوں کے بعد ان کے نام جاری کیے جائیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ حادثہ ایڈورڈز ایئر فورس بیس کے رن وے پر پیش آیا اور بیس کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

