مردان کے گردوارے میں فائرنگ سے منتظم بزرگ میاں بیوی قتل
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے ایک گردوارے میں فائرنگ کر کے سکھ میاں بیوی کو قتل کر دیا گیا ہے-
پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مردان کے بابو محلہ، خواجہ گنج بازار میں واقع گردوارے کے اندر نامعلوم ملزم نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس عبادت گاہ کے نگراں میاں بیوی مارے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او مردان مسعود احمد، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ماریہ مصطفی، اے ایس پی سٹی، ایس ایچ او اور دیگر پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کا جائزہ لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن گرپال سنگھ نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ دونوں بزرگ میاں بیوی اس گردوارے کے رکھوالے تھے اور ان کی اپنی کوئی اولاد نہیں تھی-
انھوں نے بتایا کہ مرد کی عمر لگ بھگ 72 سال اور خاتون کی عمر 69 برس ہو گی۔
رکن صوبائی اسمبلی سریش کمار کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے میاں بیوی کے چہروں پر گولیاں ماری ہیں۔

