اہم

غزہ پر اسرائیلی حملے، الجزیرہ کے کیمرہ مین سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک

جون 21, 2026

غزہ پر اسرائیلی حملے، الجزیرہ کے کیمرہ مین سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک

فلسطین کے سب سے گنجان آباد علاقے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں بچوں سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں- مارے جانے والوں میں قطر کے الجزیرہ ٹیلی وژن کے ایک کیمرہ مین بھی شامل ہیں۔

الجزیرہ نے اپنے نامہ نگار احمد وشاح کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’صحافیوں کو نشانہ بنانے کا ایک گھناؤنا جرم‘ قرار دیا ہے۔ احمد وشاح سنیچر کو وسطی غزہ میں ایک گھر پر ہونے والے حملے میں مارے گئے تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی دفاعی افواج کا دعویٰ ہے کہ احمد وشاح حماس کے عسکری ونگ سے وابستہ تھے اور بطور سنائپر آپریٹو خدمات انجام دے رہے تھے۔

غزہ کی حماس کے زیر انتظام وزارتِ صحت، جس کے اعداد و شمار کو اقوام متحدہ قابلِ اعتماد سمجھتی ہے، کے مطابق گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں 1007 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

الجزیرہ نے اپنے بیان میں کہا کہ احمد وشاح کی ہلاکت بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ صحافیوں کو نشانہ بنانے اور حقائق کی آواز دبانے کی مسلسل پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔

اسرائیلی فوج نے بغیر کوئی ثبوت فراہم کیے الزام عائد کیا کہ احمد وشاح حالیہ مہینوں میں اسرائیلی فوجیوں کے خلاف سنائپر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

مقامی ہسپتال اور حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ادارے کے مطابق البریج پناہ گزین کیمپ میں جس گھر کو نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں احمد وشاح سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے دیگر دو ہلاک افراد پر بھی حماس سے وابستگی کا الزام لگایا ہے۔

احمد وشاح کے بھائی محمد وشاح، جو الجزیرہ کے نامہ نگار تھے اپریل میں ایک اسرائیلی حملے میں مارے گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے اس وقت بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ حماس کے راکٹ اور اسلحہ سازی کے مرکز سے وابستہ تھے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

ادھر غزہ شہر کے صبرہ علاقے میں رات گئے ایک گھر پر ہونے والے فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہو گئے۔ سول ڈیفنس، اہلِ خانہ اور قریبی ہسپتال کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل تھے۔

شفا ہسپتال کے مطابق اسے اس خاندان کی لاشیں موصول ہوئی ہیں، جن میں دو بچے شامل تھے۔ طبی ذرائع نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد میں دو خواتین اور ایک بچہ بھی شامل تھا۔

اس دوران جنوبی اور شمالی غزہ کے مختلف علاقوں میں بھی اسرائیلی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے