شدید گرمی کی لہر، فرانس میں شراب نوشی پر پابندی کیوں عائد کرنا پڑی؟
فرانس کی حکومت نے شدید گرم موسم کے دوران دارالحکومت کے ہسپتالوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے پیرس میں عوامی مقامات پر شراب نوشی اور اس کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پیرس کے شہریوں پر جمعے کی دوپہر سے سنیچر کی صبح سات بجے تک عوامی مقامات پر شراب پینے پر پابندی عائد ہو گی۔ سنیچر سے اتوار کے درمیان بھی انہی اوقات میں یہ پابنیداں لاگو رہیں گی۔
دارالحکومت میں جمعے کی شام چھ بجے سے سنیچر کی صبح سات بجے تک لے جانے کے لیے شراب کی فروخت پر بھی پابندی ہو گی، اور یہی پابندی سنیچر سے اتوار کے دوران بھی ان ہی اوقات میں نافذ رہے گی۔
لائسنس یافتہ بارز اور ریستوران اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سپین، برطانیہ اور فرانس کئی روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں تاہم گرمی کی یہ لہر اب مشرق کی جانب بڑھ رہی ہے، اور جرمنی اور جمہوریہ چیک میں محکمہ موسمیات نے شدید موسم سے خبردار کیا ہے۔
جرمنی میں جمعے کے روز درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ جمہوریہ چیک کے بیشتر حصوں میں شدید موسم کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔
فرانس کے وزیراعظم سباستیاں لیکورنو نے کہا کہ صحت سے متعلق الرٹ کی سطح کو بلند ترین درجے تک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ہسپتالوں میں عملہ بڑھایا جا سکے اور کمزور افراد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔