پاکستانی فورسز کا بلوچستان میں آٹھ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران آٹھ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق 25 جون کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ’کارروائی کے نتیجے میں انڈین حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین شدت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے 26 جون کو ضلع مستونگ میں ایک ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاعات پر پیشگی بنیاد پر انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا۔
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش بمبار سمیت پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے زیرِ استعمال اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید کسی بھی شدت پسند کی موجودگی کا امکان ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے بلوچستان میں خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔‘

