اہم

آپریشن سندور میں‌ انڈین فوجی اہلکاروں کی اموات، وزیر دفاع راج ناتھ کا پرانا بیان وائرل

جون 27, 2026

آپریشن سندور میں‌ انڈین فوجی اہلکاروں کی اموات، وزیر دفاع راج ناتھ کا پرانا بیان وائرل

انڈیا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی بعض پوسٹوں میں وزیر دفاع کے 28 جولائی 2025 کو پارلیمنٹ میں دیے گئے خطاب کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ان پوسٹس میں تقریر کے ایک محدود حصے کو سیاق و سباق سے ہٹا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ’آپریشن سندور کے دوران کوئی بھی انڈین فوجی ہلاک نہیں ہوا۔‘ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دعوے گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہیں۔

بیان کے مطابق ’بعض عناصر نے وزیر دفاع کے پارلیمانی خطاب پر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ان کے مکمل ریمارکس کو نظر انداز کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت میڈیا اور سوشل میڈیا کے بعض حلقوں میں یہ تاثر عام کیا جا رہا تھا کہ آپریشن سندور کے دوران انڈین پائلٹس ہلاک ہوئے تھے، تاہم یہ دعویٰ مکمل طور پر غلط تھا۔‘

بیان کے مطابق ’اس غلط بیانی کو دانستہ طور پر آپریشن کی کامیابی کو کمزور کرنے اور عوامی رائے کو متاثر کرنے کے لیے پھیلایا جا رہا تھا۔ وزیر دفاع کا بیان اسی مخصوص اور گمراہ کن تاثر کے جواب میں دیا گیا تھا۔‘

مزید کہا گیا ہے کہ ’وزیر دفاع کے خطاب کو مکمل تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، جو آپریشن سندور کی کامیابی کا تفصیلی اور فخر سے بھرپور اظہار تھا۔ اس آپریشن کے دوران انڈین مسلح افواج نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔‘

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’اس کارروائی میں 100 سے زائد دہشت گرد اور پاکستانی فوجی مارے گئے جبکہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ پاکستانی فضائیہ کے اڈوں اور دیگر اہم فوجی تنصیبات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’حکومت نے ہلاک ہو جانے والوں کی قربانیوں کے اعتراف میں ان کے نام نیشنل وار میموریل پر درج کیے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے لیے تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات میں خصوصی رعایتوں کو یقینی بنایا ہے۔‘

آپریشن سندور میں‌ مارے گئے انڈین فوجی اہلکاروں کے نام ظاہر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر وزیر دفاع راج ناتھ کی ایک پرانی ویڈیو بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے-

28 جولائی 2025 کو پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کے دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن سے کہا تھا ’اگر آپ سوال پوچھنا چاہتے ہیں تو پوچھیں کہ کیا اس آپریشن میں ہمارے بہادر سپاہیوں کو کوئی نقصان پہنچا، اس کا جواب نہیں ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے