کالام کی سیف اللہ جھیل میں کشتی حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ گئی، ریسکیو حکام
خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام سوات کے علاقے کالام کی سیف اللہ جھیل میں سیاحوں سے بھری کشتی کو حادثہ پیش آنے کے بعد چھ لاشوں کو نکالا گیا جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے۔
قبل ازیں ریسکیو 1122 نے اس حادثے میں چھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے تحت کشتی میں سوار سیاحوں کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔
ڈپٹی کمشنر سہیل خان نے حادثے کے بعد کہا تھا کہ ’جھیل سیف اللہ پر اکثر سیاح اس موسم میں گھومنے آتے ہیں تاہم یہاں سیکشن 144 نافذ تھا اور اس دوران اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جاتا ہے۔
ریسکیو 1122 کے بیان کے مطابق سوات کے کنٹرول روم کو سیف اللہ جھیل کالام میں کشتی حادثے کی اطلاع موصول ہونے پر امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کالام کشتی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعلقہ ادارے لاپتہ افراد کی تلاش تک سرچ آپریشن بلا تعطل جاری رکھیں جبکہ انھوں نے سیاحتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور کشتی رانی کے قواعد پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

