صرف امریکہ ہی نہیں انڈیا بھی ہمارا طاقتور اتحادی ہے: اسرائیل
اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیاہے کہ انڈیا میں اُن کے ملک کو بہت زیادہ حمایت حاصل ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان کی تردید کی جس میںکہا گیا تھا کہ صرف امریکہ ہی اسرائیل کا واحد طاقت ور اتحادی ہے۔
امریکہ اور ایران میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد بعض اسرائیلی وزرا کی جانب سے امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کی گئی تھی۔
اس کا جواب دیتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا تھا کہ ’اگر میں اسرائیلی کابینہ میں ہوتا تو پوری دُنیا میں اپنے واحد اور طاقت ور اتحادی (یعنی امریکہ) کو نشانہ نہ بناتا۔‘
تنقید کرنے والے اسرائیلی وزرا کو مخاطب کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا تھا کہ ’پچھلے تین ماہ کے دوران جن دفاعی ہتھیاروں نے آپ کے ملک کو بچایا، اُن میں سے دو تہائی امریکی تھے اور انھیں امریکی ہنرمندوں نے تیار کیا تھا اور امریکی ٹیکس دہندگان نے اس کے لیے ڈالرز دیے تھے۔‘
امریکی ٹیلی وژن چینل فاکس نیوز کو ایک حالیہ انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے پوچھا گیا کہ جب انھوں نے امریکی نائب صدر کا یہ بیان سنا تھا تو ان کا کیا ردعمل تھا؟
جواب میں اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پہلی بات تو یہ ہے کہ میں جے ڈی وینس کی عزت کرتا ہوں، ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں ان کی ہر بات سے اتفاق کروں۔‘
بنیامین نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ’مجھے اس بات کی نشاندہی کرنا ہو گی کہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں ہمارے عظیم دوست ہیں اور میں اپنے اس مؤقف پر قائم ہوں۔ لیکن ہمارے دیگر دوست بھی ہیں، جیسے کہ ایک چھوٹا سا ملک جو انڈیا کہلاتا ہے۔ آپ جانتے ہیں اس کی آبادی 1.4 ارب ہے۔‘
اسرائیل کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انڈیا میں اُن کے ملک کے لیے بہت زیادہ حمایت پائی جاتی ہے-