کِک باکسرز سے سوشل میڈیا سٹارز بن جانے والے ٹیٹ برادران امریکہ میں گرفتار
امریکی مارشل سروس نے اینڈریو اور ٹرسٹن ٹیٹ کو گرفتار کر لیا ہے-
اس سے قبل برطانیہ کی ‘کراؤن پراسیکیوشن سروس’ (سی پی ایس) نے اعلان کیا تھا کہ وہ ان سابق کک باکسرز کی حوالگی کے لیے امریکہ سے درخواست کرے گی-
برطانیہ نے کہا ہے کہ دونوں بھائی جو اب سوشل میڈیا سٹارز بن چکے ہیں، پر جنسی زیادتی، جسمانی تشدد اور انسانی سمگلنگ کے نئے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
سی پی ایس (CPS) نے کہا ہے کہ چار مزید متاثرہ افراد کی نشاندہی کے بعد 39 سالہ اینڈریو ٹیٹ اور 38 سالہ ٹرسٹن ٹیٹ کے خلاف مزید الزامات عائد کیے جائیں گے۔
ٹیٹ برادران کو برطانیہ میں جولائی 2010 اور اگست 2017 کے درمیان مبینہ طور پر کیے گئے جرائم سے متعلق الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس (CPS) کے سپیشل کرائم ڈویژن کے سربراہ میلکم میک ہیفی نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم نے اینڈریو اور ٹرسٹن ٹیٹ کے خلاف مزید جرائم کے سلسلے میں قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں زیادتی (ریپ)، جنسی استحصال کے لیے انسانی سمگلنگ کا انتظام یا سہولت کاری، اور بچوں کی غیر اخلاقی تصاویر سے متعلق جرائم شامل ہیں۔”
ٹیٹ برادران، جو امریکہ اور برطانیہ کی دوہری شہریت کے حامل ہیں، نے کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یو ایس مارشلز سروس کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں کا فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
مختلف خبر رساں اداروں کے مطابق ان دونوں بھائیوں کو میامی سے گرفتار کیا گیا۔
یہ گرفتاریاں ان بھائیوں کی بڑھتی ہوئی قانونی مشکلات میں ایک نئے باب کا اضافہ کرتی ہیں؛ وہ پہلے ہی رومانیہ میں فوجداری مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں حکام دسمبر 2022 سے ان کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں۔

