متفرق خبریں

اسرائیلی فوج کی لبنان کے متعدد علاقوں پر گولہ باری، ساؤنڈ بم بھی گرایا

جولائی 19, 2026

اسرائیلی فوج کی لبنان کے متعدد علاقوں پر گولہ باری، ساؤنڈ بم بھی گرایا

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے جنوبی علاقے میں‌ ایک قصبے ہارس پر ساؤنڈ بم گرایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبوں شمع، مجدل زون اور بیوت الصیاد بھی اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کی زد میں آئے۔

تاحال ان کارروائیوں کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی سرکاری تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بھی اس حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لبنان کے صدر جوزف عون نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی ہے، جو لبنان اور اسرائیل کے درمیان اٹلی میں ہونے والے مذاکرات کے تازہ دور کے اختتام کے بعد ہوئی ہے۔

یہ سنہ 2009 کے بعد کسی لبنانی صدر کا پہلا امریکی دورہ ہے۔ اس سے قبل سابق صدر میشل سلیمان نے امریکی صدر براک اوباما کے دور میں امریکی دورہ کیا تھا اور اُن سے ملاقات کی تھی۔

لبنانی صدارتی دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر جوزف عون منگل کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔

اسرائیل اور لبنان جن کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات موجود نہیں اپریل سے امریکہ کی ثالثی میں مذاکرات کر رہے ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ کا مستقل خاتمہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق دونوں فریق ایک مجوزہ معاہدے کے تحت اس بات پر متفق ہوئے ہیں کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان سے انخلا کرے گی، جبکہ لبنانی فوج دو ’علاقوں‘ میں اپنی تعیناتی کرے گی۔ تاہم اس معاہدے پر عمل درآمد کو حزب اللہ کی غیر مسلح ہونے کی شرط سے مشروط قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ لبنانی حکومت کے مذاکرات ملک کے آئین کے منافی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے