تھائی لینڈ کے سکول میں طالب علم نے فائرنگ کر کے اساتذہ و طلبہ سمیت چھ افراد کو قتل کر دیا
تھائی لینڈ کے ہائی سکول میں ایک طالب علم کی فائرنگ سے تین اساتذہ اور تین طلبہ ہلاک جبکہ کئی دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جمعے کے روز دارالحکومت بینکاک کے مضافات میں واقع علاقے میں ایک طالب علم نے فائرنگ کی-
رائل تھائی پولیس کے ترجمان ٹرائی رونگ پیوپن نے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کو بتایا کہ یہ واقعہ دارالحکومت کے شمال مغرب میں واقع صوبہ نونتھابوری کے ‘ڈیبسرین نونتھابوری سکول’ میں پیش آیا۔
بعد ازاں انہوں نے مقامی نشریاتی ٹی وی ‘چینل 3’ کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والا طالب علم تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس واقعے میں 15 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی محرکات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ استعمال ہونے والا پستول طالب علم کے خاندان کے کسی فرد سے لیا گیا تھا۔
وزیراعظم انوتین چارنویراکول نے واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو متاثرین کی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فائرنگ کے تقریباً ایک گھنٹے بعد جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر میں لوگوں کو سکول کے باہر ایک دوسرے کو تسلی دیتے ہوئے اور پولیس و امدادی کارکنوں کو سکول کے اندر موجود دیکھا جا سکتا ہے۔

