اہم خبریں

کولمبیا میں 7.4 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 132 تک

اگست 11, 2026

کولمبیا میں 7.4 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 132 تک

کولمبیا میں آنے والے شدید ترین زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 132 تک جا پہنچی ہے۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ کئی افراد اب بھی منہدم عمارتوں کے ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔

کولمبیا کی جیولوجیکل سروس کے مطابق 7.4 شدت کا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر 34 منٹ پر آیا۔ زلزلے کی گہرائی 103 کلومیٹر تھی اور اس کے جھٹکے ملک کے مغربی حصے میں سیکڑوں میل دور تک محسوس کیے گئے۔

زلزلے سے سب سے زیادہ ہلاکتیں کولمبیا کے ’کافی‘ پیدا کرنے والے علاقے کے شہر پریرا میں ہوئیں، جبکہ آس پاس کے شہروں اور ویلے ڈیل کاؤکا کے علاقے میں بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔

زلزلے کا مرکز صوبہ چوکو کے گاؤں سان خوزے دیل پالمر کے قریب تھا۔ تاہم مقامی میئر لیون فابیو مارین مونکادا نے کہا کہ ’سڑکیں متاثر ہونے کے باوجود خوش قسمتی سے علاقے میں کوئی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔‘

کولمبیا کی ایسوسی ایشن آف کیپیٹل سٹیز نے پیر کو جاری کردہ تازہ بیان میں بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں 480 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زلزلے کے مرکز سے تقریباً 55 کلومیٹر دور واقع شہر پریرا میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔

ویڈیوز میں شہر کے مرکزی چوک ’پلازا بولیوار‘ میں کم از کم ایک عمارت کو منہدم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ چوک میں ملبہ اور گرد و غبار پھیل گیا، جہاں اس وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے