اہم

ایس سی او اجلاس: پاکستان میں‌ 30 بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے 6 ارب 60 کروڑ کی منظوری

ستمبر 8, 2026

ایس سی او اجلاس: پاکستان میں‌ 30 بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے 6 ارب 60 کروڑ کی منظوری

پاکستان میں‌ حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے آئندہ سربراہی اجلاس کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے-

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے آئندہ سربراہی اجلاس کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری، تمباکو کی فصل کے لیے کم از کم اشاریاتی قیمتوں اور دیگر اہم امور پر غور کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے 2027 میں پاکستان میں منعقد ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران سربراہانِ مملکت کی نقل و حرکت کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی ہے۔

کابینہ ڈویژن نے اس مقصد کے لیے 12 ارب 60 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ (ٹی ایس جی) طلب کی تھی، تاہم ای سی سی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6 ارب 60 کروڑ روپے کی منظوری دی۔

کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ اگر مزید گاڑیوں کی ضرورت پیش آئے تو پہلے ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور اضافی ضرورت کی صورت میں نئی سمری منظوری کے لیے پیش کی جائے۔

اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے مالی سال 27-2026 کے لیے تمباکو کی فصل کی کم از کم اشاریاتی قیمتوں اور سیس کی شرح میں تبدیلی سے متعلق سمری بھی پیش کی گئی۔

ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد قرار دیا کہ اس تجویز کو مزید مضبوط تجزیے اور ٹھوس دلائل کی ضرورت ہے، لہٰذا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔ وزارت کو ہدایت کی گئی کہ وہ جامع جواز اور اضافی تجزیے کے ساتھ تجویز دوبارہ پیش کرے۔

کمیٹی نے گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قائم کمیٹی کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا۔ ای سی سی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تجویز کردہ حفاظتی شرائط اور اقدامات کے ساتھ اس کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں فاطمہ فرٹیلائزر اور ایگری ٹیک کو موجودہ انتظامات کے تحت 30 ستمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی تجویز بھی منظور کر لی گئی۔

ای سی سی نے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی درخواست پر دانش سکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے پانچ ارب روپے بطور ابتدائی سرمایہ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔ یہ فنڈ اینڈومنٹ فریم ورک کے تحت برقرار رکھا جائے گا۔

اجلاس میں پاکستان سکلز امپیکٹ بانڈ منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ای سی سی نے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو ہدایت کی کہ وہ 30 ستمبر 2026 تک اس منصوبے میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کی تفصیلات پیش کرے۔ اس مقصد کے لیے حکومتِ پاکستان کی ضمانت میں بھی توسیع کی منظوری دی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے