اہم

پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کی درخواست پر ہائیکورٹ کا تین رکنی لارجر بینچ تشکیل

ستمبر 9, 2026

پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کی درخواست پر ہائیکورٹ کا تین رکنی لارجر بینچ تشکیل

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی جانب تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مجوزہ لانگ مارچ کو روکنے کے لیے دائر درخواست پر ہائیکورٹ میں‌ تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے-

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کے خلاف دائر درخواست پر گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے-

درخواست کی سماعت کے لیے تین رکنی لارجر بینچ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے ساتھ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف شامل ہیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے گذشتہ سماعت کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) کو کل (جمعرات) کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق ایک تاجر کی جانب سے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو احتجاج کے باعث ہونے والے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق قانون پہلے سے موجود ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس لیے اٹارنی جنرل فار پاکستان کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اُن کے اہلخانہ اور ذاتی معالجین تک رسائی نہ دینے پر 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے