نیا اسلام آباد ائیرپورٹ کھل گیا
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرموجود تمام اداروں کو اپنے دفاتر 31 مارچ تک نئے ایئرپورٹ پرمنتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔
جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آئندہ ماہ سے کام شروع کر دے گا۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔
اسلام آباد کا نیا ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہاں ایک فائیو اسٹار، ایک تھری اسٹار ہوٹل اور اسپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر ہو گا۔
ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر، بڑا اسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں۔نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے تین کلومیٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے جہاں اے تھری ایٹی سمیٹ دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔

