عالمی خبریں

سلمان خان اصلی جیل میں

اپریل 5, 2018 2 min

سلمان خان اصلی جیل میں

Reading Time: 2 minutes

انڈین فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار سلمان خان کو عدالت نے پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے جس کے بعد ان کو حراست میں لے کر جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔ انڈین ریاست راجستھان کی عدالت نے نایاب سیاہ ہرنوں کے غیر قانونی شکار پر اداکار سلمان خان کو پانچ سال قید کی سزا سنائی، پولیس نے اداکار کو جودھ پور کی سنٹرل جیل پہنچا دیا گیا ہے۔

عدالت نے سلمان خان کو دس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے ۔ اس مقدمے میں سلمان خان کے علاوہ سیف علی خان، تبو، سونالی بیندرے اور نیلم بھی ملزمان تھے تاہم ان سب کو بری کر دیا گیا ہے ۔

سلمان خان کو اس مقدمے میں انھیں زیادہ سے زیادہ چھ برس قید کی سزا ہو سکتی تھی اور اس سزا کی استدعا سرکاری وکیل کی جانب سے بھی کی گئی تھی ۔ تاہم سلمان خان کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کے موکل کو تین برس سے کم سزا دی جائے کیونکہ اس صورت میں انھیں عدالت سے ہی ضمانت مل سکتی تھی تاہم پانچ برس سزا کی صورت میں انھیں ہر حالت میں جیل جانا ہو گا۔

سلمان خان اسی کیس سے متعلق آرمز ایکٹ کے تحت ایک دیگر معاملے میں پانچ برس کی ‎سزا ہوئی تھی اور انھوں نے ایک ہفتہ جیل میں بھی گزارا تھا ۔ لیکن بعد میں راجستھان ہائی کورٹ نے ان کی سزا معطل کر دی تھی۔

فیصلہ سناتے وقت جودھ پور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ عدالت کے باہر لوگوں کے ہجوم اور میڈیا کو دور رکھنے کے لیے رکاوٹیں لگا دی گئی تھیں ۔ جس وقت سلمان خان کو مجرم قرار دیا گیا اس وقت عدالت میں سلمان کے ساتھ ان کی بہنیں کھڑی تھیں ۔  20 برس پرانے اس مقدمے کا فیصلہ 28 مارچ کو محفوظ کیا گیا تھا۔

ہرنوں کے شکار کا مقدمہ 1998 کا ہے ۔ سلمان خان، سیف علی خان، تبو، سونالی اور نیلم فلم ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کی شوٹنگ کے لیے جودھ پور میں تھے ۔ سلمان خان پر الزام ہے کہ انھوں نے ایک گاؤں کے نزدیک نایاب نسل کے دو ہرنوں کا شکار کیا۔ شکار کے وقت مبینہ طور پر دوسرے اداکار بھی ان کے ساتھ تھے ۔

 

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے