نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق
Reading Time: < 1 minuteملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے نگراں وزیراعظم کے لیے ایک شخص کے نام پر اتفاق کیا ہے، تاہم وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے نام کا اعلان مئی کے وسط تک نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔
اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے اس بارے میں کہا ہے کہ ابھی کچھ بھی بتانا حکمت عملی پر کلہاڑا مارنے کے مترادف ہوگا ۔ دونوں جماعتوں کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے نگران وزرائے اعلیٰ کیلئے بھی اہنی جماعتوں کی قیادت کے صلاح مشورے سے ناموں پر غور کر رہے ہیں ۔
پاکستان ۲۴ کے ذرائع کے مطابق نگران سیٹ اپ پر وزیراعظم شاہد خاقان کو ن لیگ اور خورشید شاہ کو پیپلز پارٹی کی قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ نگران وزیراعظم کا نام پیپلز پارٹی کی جانب سے سامنے آیا جس کو نواز شریف کی ہدایت کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان نے قبول کیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے قائد نے پارٹی کے اہم رہنماوں کو بتا دیا تھا کہ پیپلز پارٹی کے تین میں سے جو بھی نام بہتر لگے گا قبول کر لیا جائے گا ۔