وکیل کی خود سوزی کی کوشش
Reading Time: < 1 minuteلاہور میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر خودسوزی کی کوشش کرنے والے ایک وکیل کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر آج صبح ایک وکیل نے خود کو جلانے کی کوشش کی تاہم اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وکیل کو حراست میں لے کر تھانہ پرانی انارکلی منتقل کر دیا ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وکیل کی شناخت بلال کے نام سے کئی گئی، جس کا موقف تھا کہ میرٹ پر آنے کے باوجود اسے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر تعینات نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اس سے قبل رواں ہفتے پیر کو بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر ایک خاتون نے اپنی بچی کو جلانے کی کوشش کی تھی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا تھا اور خاتون کو حراست میں لے کر اُن سے پٹیرول کی بوتل چھین لی تھی۔ پولیس کے مطابق خاتون نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ عدالت آتی ہیں، مگر ان کی بات سننے والا کوئی نہیں۔
ملک کی سب سے بڑی عدالت کے سامنے ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات ہوتے رہے ہیں اور اسلام آباد میں ایک تاریخی واقعہ میں ماں بیٹی نے خود کو آگ لگا دی تھی ۔