نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش
پنجاب حکومت کی جانب سے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش پر مبنی رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوا دی ہے .
نواز شریف مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ ان کے طبی معائنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے امراض قلب کے ماہرین پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ جس نے 30 جنوری کو دو گھنٹے تک کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا تھا۔
میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بلڈ پریشر، ای سی جی اور خون کے نمونے حاصل کیے جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی دل کی بیماری سے متعلق ہسٹری پر بریفنگ دی تھی۔
میڈیکل بورڈ نے جیل میں نواز شریف کا معائنہ کرنے اور میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں رپورٹ مرتب کر کے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوادی ہے جس میں انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

