قطری جیت پر اماراتی اخبار مشکل میں
Reading Time: < 1 minuteسعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مقاطعے/بائیکاٹ کے شکار قطر نے ایشین فٹبال کپ کا فائنل جیت لیا ہے مگر اس پر امارات کے اخبارات مشکل کا شکار ہوگئے ۔
امارات کے بڑے اخبار البیان نے قطر کی جیت کی خبر کو کچھ ایسے شائع کیا ہے کہ پڑھنے والے ہنسنے پر مجبور ہوگئے ۔
پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق اخبار کی سرخی ہے کہ ‘جاپان ایشیا کپ فائنل ہار گیا’ خبر کے ساتھ تصویر بھی جاپانی فٹبال ٹیم کی لگائی گئی ہے ۔ جیتنے والی قطر کی ٹیم کی تصویر غائب ہے جبکہ خبر کے ابتدائیے میں بھی قطر کی جیت کا ذکر نہیں ہے ۔
خبر میں آگے چل کر لکھا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار قطر کی ٹیم ایشین کپ کو جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق سعودیہ اور امارات کے دیگر اخبارات نے بھی قطر کی جیت کو اسی طرح بے دلی اور بد دلی سے رپورٹ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ قطر نے ورلڈکپ 2022 کی میزبانی کرنی ہے جو دنیائے کھیل کا سب سے بڑا ایونٹ سمجھا جاتا ہے ۔
یاد رہے کہ قطر نے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ میں امارات کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا تھا ۔ میچ کے دوران قطر کی ٹیم پر اماراتی تماشائیوں نے بوتلیں اور جوتے پھینکے تھے ۔
ٹورنامنٹ کے زیادہ تر میچ ابوظہبی میں کھیلے گئے ۔