بھائی کے قتل پر بہن کی اپیل
بلوچستان میں قتل کئے گئے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما ارمان لونی کی بہن وڑانگہ لونی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے عام پشتونوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم اس قتل کا جواب عدم تشدد سے دیں گے ۔
وڑانگہ لونی نے لوگوں سے پر امن رہنے کی درخواست کرتے ہوئے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان کی بھائی کو قتل کرنے کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ گذشتہ 70 برس سے یہی ہو رہا ہے۔
انہوں نے پی ٹی ایم کے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ منظور پشتین اور موومنٹ کے دیگر رہنماؤں کی ہدایت کے مطابق جمہوری اور پرامن طریقے سے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ وڑانگہ نے کہا ہے کہ عدم تشدد ہمارا راستہ ہے اور ہم اسی طریقے سے اپنے حق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔
دوسری جانب قوم پرست جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچ نیشنل موومنٹ اور بعض دیگر جماعتوں کی جانب سے اس واقعے کی مذمت کی گئی ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کی جانب سے اس واقعے کے خلاف چار فروری کے لیے ہڑتال کی بھی کال دی گئی ہے ۔

