سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن ہوگا، وزیر اطلاعات
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی لامحدود نہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے منافرت پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے ۔
بدھ کو اسلام آباد میں ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا کو انتہا پسندی جیسے سنگین چیلنج کا سامنا ہے ۔
چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی دہشتگردی اور انتہاپسندی کا سامنا ہے، بھارت میں مودی حکومت آنے کے بعد انتہا پسندی میں اضافہ ہوا، دنیا کے مختلف معاشرے کسی نہ کسی صورت میں انتہا پسندی کا شکار ہیں ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی ترویج تلوار سے نہیں بزرگان دین سے ہوئی، اسلام میں انتہا پسندی اور شدت پسندی کا کوئی تصور نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان تنازع میں پھنسنے سے پاکستان میں انتہا پسندی پھیلی، غیر متعلقہ تنازع میں پھنسنے سے شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں ۔
وزیرا طلاعات نے کہا کہ پاکستان انتہا پسندی اور دہشت گردی کے دور سے کامیابی سے نکلا، ہماری برداشت اور حوصلے کی تاریخ بہت پرانی ہے ۔
فواد چودھری نے کہا کہ کسی کو نفرت کا پرچار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انتہا پسندی سے دہشت گردی کا بیج بویا جاتا ہے، عمران خان کی حکومت میں پہلے روز سے ہی قانون کی عملداری کا عزم کیا ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مکالمے اور مباحثے سے مسائل کا حل ممکن ہو جاتا ہے، کسی پر اپنی رائے مسلط کرنے سے مسائل جنم لیتے ہیں، ملک میں اظہار رائے کی آزادی لیکن دوسروں کی آزادی سلب نہیں کی جا سکتی ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد ریاست کی ذمہ داری ہے، میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر پر کافی حد تک قابو پالیا ہے، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں کی گرفتاریاں کی گئی ہیں، آئندہ ہفتے مزید سخت کارروائی کریں گے ۔
فواد چودھری نے کہا کہ انتہا پسندی کیخلاف قومی او ر بین الاقوامی بیانیہ تشکیل دینا چاہتے ہیں ۔

