انصافی وزیر اور مشیر میں لڑائی
تحریک انصاف کی حکومت کے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر نعیم الحق کی سوشل میڈیا پر بے عزتی کر دی ہے ۔
ٹوئٹر پر وزیر اطلاعات نے نعیم الحق کی سرکاری ٹی وی کے انتظامی امور سے متعلق کی گئی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کر کے غالب کا شعر طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ
بنا ہے شاہ کا مصاحب پھرے ہے اتراتا
وگرنہ شہر میں غالب کی آبرو کی ہے
اس سے قبل نعیم الحق نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور اس کی انتظامیہ پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اسے بدطانوی نشریاتی ادارے کے معیار پر غیر جانبدار اور خودمختار ادارہ بنائیں گے ۔
خیال رہے کہ بدھ کو سرکاری ٹی وی کے ملازمین نے اسلام آباد میں اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ بھی کیا ہے ۔ وزیراطلاعات نے مظاہرین سے بات کی اور ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

