ہارون رشید کی گرفتاری کا حکم
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس میں 16 کروڑ روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں ادارے کے سابق سربراہ ہارون رشید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں ۔
عدالت نے ملزم کی مسلسل عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 21 مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے 165 ملین روپے کے گھپلوں کے این ٹی ایس ریفرنس میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے سابق سی ای او ڈاکٹر ہارون رشید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ مرکزی ملزم ہارون رشید کو گرفتار کر کے 21 مارچ کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ملزم کی عدم گرفتاری کی صورت میں تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرائے۔
خیال رہے کہ ہارون رشید سمیت 8 ملزمان پرجعلی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کر کے گھپلے کرنے کا الزام ہے۔ کیس کی مزید سماعت 21 مارچ کو ہو گی ۔

