’تیل تو نکل گیا‘
پاکستان میں حکومت کے جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے بعد عوام نے ردعمل ظاہر کرنے کے لیے سوشل میڈیا اور پبلک ٹرانسپورٹ کا انتخاب کیا ہے ۔
اسلام آباد سے پاکستان ٹوئنٹی فور کے نمائندے کے مطابق دن بھر مختلف روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ گفتگو کا سب سے اہم موضوع رہا ۔
سیکٹر جی نائن سے آبپارہ کا سفر کرنے والے پچاس سالہ عباد اللہ نے اپنے تبصرے میں کہا کہ ’جو کچھ میاں کے ساتھ ہوا اس کپتان کے ساتھ بھی ہوگا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا صرف اللہ ہے، غریب کا کوئی نہیں۔‘
پمز اسپتال اسٹاپ سے 120 نمبر روٹ کی ویگن میں بیٹھنے والے کچی آبادی جی سیون کے رہائشی ظفر احمد نے کہا کہ ’کچھ دن پہلے عمران خان ٹی وی پر کہہ رہے تھے کہ سمندر سے تیل نکال رہے ہیں۔‘ ظفر نے کہا کہ سمندر سے تیل نکلے نہ نکلے ’ہمارا تیل تو نکل گیا۔‘
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے یکم اپریل سے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے فی لیٹر اضافہ جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کی تیل میں فی لیٹر تین روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 98 روپے 89 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹس پر صارفین نے میم بنا کر موجودہ حکومت کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔
پاکستان میں ٹوئٹر پر ’پٹرول بم‘ کے عنوان سے ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ رہا ۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ اسد عمر ماضی میں حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں ۔

