میاں بیوی زندہ جل گئے
موٹروے چکری انٹرچینج کے قریب سڑک حادثے میں میاں بیوی زندہ جل گئے جبکہ جھلسنے والا ڈرائیور پمز ہسپتال میں دم توڑ گیا ۔
راولپنڈی سے صحافی یاسر حکیم کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ موٹروے چکری انٹرچینج کے قریب تیز رفتار ہنڈا سوک گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سائیڈ وال سے ٹکرائی ۔
حادثہ کے بعد گاڑی کو آگ لگ گئی، جس سے اس میں سوار میاں بیوی جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈرائیور کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا ۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی حادثہ میں جاں بحق عارف گوندل اور تاج بی بی اپنے بیٹے کو ملنے منڈی بہاؤالدین سے اسلام آباد آ رہے تھے ۔
دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئیں جبکہ ڈرائیور بھی زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہوگئے ۔

