پشتون ارکان اسمبلی کا پریس کلب داخلہ بند؟
پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع جنوبی اور شمالی وزیرستان سے منتخب ہونے والے قومی اسمبلی کے ارکان کو اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا ہے ۔
پشتون تحفظ موومنٹ سے وابستہ قومی اسمبلی کے رکن محسن داوڑ نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’آج مجھے اور علی داوڑ کو اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا حالانکہ پہلے سے بکنگ کرائی گئی تھی ۔ ‘
محسن داوڑ نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ وزیرستان کے منتخب نمائندوں کو اپنی بات کرنے سے روکنے کے پیچھے کون ہے لیکن ہمیں اس پر بھی حیرت ہے کہ کیا وہ جانتے ہیں کہ اس طرح وہ اس ملک کے اتحاد کے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔؟‘
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’ہمارے وزیراعظم کہتے ہیں کہ انہوں نے پشتون تحفظ موومنٹ کے مطالبات گذشتہ 15 برس دہرائے۔ آج ان کی حکومت میں دو منتخب ارکان قومی اسمبلی کو اسلام آباد پریس کلب میں پہلے سے حاصل کیے گیے وقت پر بات کرنے سے روک دیا گیا۔‘
محسن داوڑ کے مطابق اس کے مضمرات پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں کے لیے باعث تشویش ہونا چاہیے۔

