چین کے نائب صدر کا دورہ پاکستان
وقاص احمد ۔ صحافی
چین کے نائب صدر وانگ کشان تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے۔ صدرمملکت کی طرف سے چینی نائب صدر کو نشان پاکستان بھی عطا کیا گیا۔
نورخان ائر بیس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے چینی نائب صدر کا استقبال کیا۔
چینی نائب صدر نے فرینڈ آف سلک روڈ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب میں پہلی دفعہ پاکستان کا دورہ کرنے پر وانگ کشان نےخوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چینی نائب صدر کا کہنا تھا کہ چین انسانی معاشرے کی ترقی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان- چائنہ ہر موسم کے ساتھی ہیں، پاکستان اور چین خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔

سیمینار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ سی پیک سے دوطرفہ تعلقات، معاشی و سماجی ترقی کو مزید تقویت ملی ہے جبکہ پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے چئیرمین مشاہد حسین سید نے چینی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 10 سیاسی جماعتوں کے 50 نمائندے سی پیک پر متفق ہیں اس میں کسی کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔
چینی نائب صدر وانگ کشان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جہاں پاکستان اور چائنہ کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے۔
بعد ازاں چینی نائب صدر کی صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات ہوئی۔ ایوان صدر میں وانگ کشان کو پاکستانی اعزاز نشان پاکستان بھی عطا کیا گیا۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق وانگ کشان کے دورہ پاکستان سے سی پیک میں شامل منصوبوں کو تقویت ملے گی۔ اس دورے سے پاکستان اور چائنہ کے دو طرفہ تعلقات مستحکم اور روابط مضبوط ہوں گے۔

