پاکستان کی وزارت اطلاعات کا الجزیرہ پر ’زرد صحافت‘ کا الزام، ویب سائٹ تک رسائی بند
پاکستان کی وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے کشمیر میں اسلامی دنیا کے بڑے نیوز نیٹ ورک الجزیرہ کی رپورٹنگ کو ’زرد صحافت‘ قرار دیے جانے کے بیان کے بعد ملک میں بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی ویب سائٹ تک رسائی بند کر دی گئی ہے-
اتوار کو پاکستان کی وزارت اطلاعات اسلام آباد سے جاری کیے بیان میںکہا گیا تھا کہ ’ہم نے آج مظفرآباد کے مخصوص پولنگ سٹیشنوں سے الجزیرہ کی جانب سے کی جانے والی ‘منتخب’ (selective) رپورٹنگ کا نوٹس لیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’خاص طور پر منتخب کردہ اوقات اور مخصوص افراد کے پہلے سے طے شدہ بیانات کے ذریعے، اس چینل نے آزاد جموں و کشمیر (AJK) کے انتخابات اور ووٹنگ کے عمل کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔‘
ن لیگ کی حکومت کے وزیر عطا تارڑ کی وزارت نے کہا تھا کہ ’اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ اور جانبدارانہ صحافت (yellow journalism) محض ان بیرونی عناصر کے ایجنڈے کی تصدیق کرتی ہے جو اپنے ذاتی مفادات کے تحت اس انتخابی عمل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور مظفرآباد و آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی اُس عوامی رائے کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا اظہار آج انہوں نے انتشار اور جبر کو مسترد کر کے واضح طور پر کیا ہے۔‘
اس سے قبل الجزیرہ نیوز نیٹ ورک نے مظفرآباد سے الیکشن کی کوریج کے دوران تفصیلی رپورٹ میں دستاویزی شواہد کے ساتھ دکھایا تھا کہ لوگوں کی ووٹ کاسٹ کرنے کے عمل میںکوئی دلچسپی نہیں-
وزارت اطلاعات کے بیان کے بعد پاکستان میں الجزیرہ ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی ویب سائٹ تک رسائی بند ہو چکی ہے اور متعدد صارفین نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے-